اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے مسلم لیگ( ن )کی رہنما مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ (ن) لیگ عدالتوں کے احترام پر لیکچر دے، کیا یہ قرب قیامت نہیں؟ ڈاکٹر شہباز گل نے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو بددیانت اور جھوٹا قرار دیا، آپ تسلیم کرتی ہیں؟
اس فیصلے کو تسلیم کرنے کے بعد عدالت کے احترام کا لیکچر شروع کریں تو شاید پراثر ہو، سپریم کورٹ سے جھوٹے بددیانت، کرپٹ ہونے کا سرٹیفکیٹ آپ کے لیڈر کے پاس ہے۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ سپریم کورٹ سے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ عمران خان کے پاس ہے، عمران خان نے عدالت میں 40 سالہ منی ٹریل دے کر یہ اعزاز حاصل کیا، کرپشن کرکے عدالتی مفرور ٹبر کون ہے سارا پاکستان جانتا ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ آپ ترجمان ہیں ایک ایسی فیملی کی جس میں سب سے زیادہ عدالتی مفرور اور اشتہاری ہیں، ڈاکٹر شہباز گل نے مزید کہا کہ کیا آپ بتانا پسند کرینگی کہ حسن، حسین، سلمان، اسحاق ڈار اور داماد اعلیٰ کیوں قانون سے مفرور ہیں؟ یہ اشتہاری ٹولہ کب عدالتوں میں پیش ہو رہا ہے؟ جن کے احترام میں آپ نے تقریر فرمائی۔