شیری رحمان

(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کا گلگت بلتستان کے انتخابات کو شفاف بنانے کا مطالبہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن)اور پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے انتخابات کو شفاف بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابی عمل میں وفاقی حکومت کی مداخلت گلگت بلتستان کی عدالت اور انتخابی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،

مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف اور دونوں پارٹیوں کے رہنماﺅں کی اہم ملاقات میں اتفاق رائے علاقائی اور قومی مضمرات کا تقاضا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف انتخابات بنائے جائیں،

گلگت بلتستان میں انتخابی عمل میں شفافیت نہ ہونے کے گہرے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں،عدالتی حکم کے باوجود وفاقی وزرا کا گلگت بلتستان کی انتخابی مہم میں حصہ لینا پری پول دھاندلی ہے ، گلگت بلتستان کے انتخابی عمل میں وفاقی حکومت کی مداخلت گلگت بلتستان کی عدالت اور انتخابی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،دونوں جماعتوں کے گلگت بلتستان کے صدور انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کے لیے حکمت عملی طے کریں گے۔