فیاض الحسن

ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کی تعریف کرکے تاریخ کا مزاق اڑا رہے ہیں، فیاض الحسن

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کی تعریف کرکے تاریخ کا مزاق اڑا رہے ہیں۔

حکومتی وزرا کی پریس کانفرنس پر سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزرا کی پریس کانفرنس منافقت اور جھوٹ کا ملغوبہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پری پول دھاندلی، غنڈہ گردی اور دھونس کا اعتراف کرنے کے بجائے پی ٹی آئی کو موورد الزام ٹھہراتے رہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ایک دوسرے کو سیکیورٹی رسک کہنے والے اب بانہوں میں بانہیں ڈال کر پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ سابق صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ حسن مرتضی اور ملک احمد صحافیوں کے کھرے سوالات کا جواب نہیں دے سکے، لازوال مہنگائی اور بے مثال لوڈشیڈنگ کا جواب دینے کے بجائے آئیں بائیں شائیں کرتے رہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی پریس کانفرنس میں ایک دوسرے کی تعریف کرکے تاریخ اور عوام دونوں کا مزاق اڑا رہے ہیں۔