لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اورپیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ اپنے دور میں الگ صوبہ بنانا تو دور، یہ لوگ جنوبی پنجاب کے فنڈ بھی چوری کرتے رہے۔
کورونا،جنوبی پنجاب اور دیگر ایشوز پر سیاست چمکانے والوں کی عقل پر ماتم ہی کیا جاسکتا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیاہے،تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کا مان رکھا ہے، حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنایا ہے اور الگ صوبہ بھی بنائے گی۔
عوام نے عام انتخابات میں ان چوروں، لیٹروں اور ڈاکوں کو ووٹ کی طاقت سے بھگایا، آج ان کے پیٹ میں جنوبی پنجاب کیلئے مروڑاٹھ رہے ہیں۔ یہ لوگ اپنے دور میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کھوکھلے نعروں کا لالی پاپ دیتے رہے۔









