لاہور( رپورٹنگ آن لائن)چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و ممبر گڈ گورننس کمیٹی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی کی وجہ سے پاکستان کو لا حق ہونے والی بیماریوں کا علاج صرف کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے سے ہے ، مریم نواز برق رفتاری میں مسلم لیگ (ن) کو بھی بہا لے جارہی ہیں ،نواز شریف کا خود بیرون ملک بیٹھ کر اراکین اسمبلی اوررہنمائوں کو جرات اوربہادری کادرس دینا مضحکہ خیز ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ نواز شریف تمام خرابیوں کی ذمہ داری اداروں پر ڈال کر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ، نواز شریف کا صرف یہ بیانیہ ہے کہ نظام ان کے تابع ہو اورکرپشن کرنے پر کوئی ان سے باز پرس نہ کرے،رہنمائوں اورکارکنوں سے سڑکوں پر آنے کے عہد و پیماں لینے کی بجائے نواز شریف وطن واپس آئیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے لیکن آپ ابھی بھی اسے منوانے کیلئے بضد ہیں، قومی اداروں کے خلاف آپ کابغض آپ کے چہروںسے چھلکتاہے ، آپ کی اور آپ کی صاحبزادی کی اپنی سیاست کیلئے انتشارپھیلانے کی منصوبہ بندی آپ کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جذباتی تقریروں سے پارٹی رہنمائوں ا ور عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے ،نواز شریف اپنی سیاست کے لئے اپنے اراکین اسمبلی کو بھی امتحان میں ڈال رہے ہیں۔