محمد جاوید قصوری 14

نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز میں تبدیلی اور پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز عوام دشمن اقدام ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے حکومت کی جانب سے نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز میں تبدیلی اور پروٹیکٹڈ صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، ایسے میں غریب اور متوسط طبقے پر مزید بوجھ ڈالنا سراسر ظلم اور ناانصافی کے مترادف ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اس سے قبل صرف 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز عائد تھے، لیکن اب نئی تجویز کے تحت پروٹیکٹڈ صارفین کو بھی اس دائرے میں لایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر 200 روپے اور 200 یونٹ استعمال کرنے والوں پر 300 روپے فکسڈ چارجز لگانے کی تیاری کی جا رہی ہے،

جبکہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 100 یونٹ تک 275 روپے اور 200 یونٹ تک 300 روپے فکسڈ چارجز عائد کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔ یہ تمام اقدامات غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی پہلے ہی عوام کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ ہزاروں گھریلو صارفین نے مہنگی بجلی سے بچنے کے لیے سولر سسٹم لگائے، لیکن اب حکومتی پالیسیوں کے ذریعے ان کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔ یہ اقدام نہ صرف عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائے گا بلکہ قابل تجدید توانائی کے فروغ کی راہ میں بھی رکاوٹ بنے گا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مزید کہا کہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں اور شاہ خرچیوں کو کم کرنے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈال رہا ہے۔

سرکاری اخراجات میں کمی، مفت بجلی اور مراعات یافتہ طبقے کی سہولتیں ختم کرنے کے بجائے عام آدمی کی جیب پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے ۔ ملک میں پہلے ہی بجلی کی قیمتیں خطے میں سب سے زیادہ ہیں، اوپر سے نئے فکسڈ چارجز عوام کے لیے ناقابل برداشت ثابت ہوں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس ظالمانہ تجویز کو واپس لے اور بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے عملی اقدامات کرے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، لیکن موجودہ حکمران آئی ایم ایف کے دباؤ پر عوام دشمن فیصلے کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں