پاکستان اور ویسٹ انڈیز

نیوزی لینڈ کی حکومت نے کرکٹ بورڈ کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز سے سیریز کی اجازت دیدی

آکلینڈ(رپورٹنگ آن لائن)دنیائے کرکٹ سے ایک اور اچھی خبر سامنے آگئی،نیوزی لینڈ کی حکومت نے کرکٹ بورڈ کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز سے سیریز کی اجازت دیدی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو اس سال کے آخر میں 2ٹیسٹ اور 3ٹی ٹوینٹی میچز کے لئے نیوزی لینڈ جانا ہے۔ اس حوالے سے اب نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہوم سیریز کے انعقاد کیلئے حکومتی اجازت کی تصدیق کردی ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز طے کردہ پروٹوکولز کے تحت ہو گی۔ ویسٹ انڈیز اور پاکستان سے سیریز کا شیڈول آئندہ ہفتے جاری ہوگا۔یوں اب نیوزی لینڈ موجودہ حالات میں انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کرنے والا تیسرا ملک ہوگا۔ اس سے قبل انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز، پاکستان اور آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی میزبانی کی جبکہ پاکستان آئندہ ماہ زمبابوے کیخلاف سیریز کی میزبانی کرے گا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے پلانز پر مشاورت جاری ہے، پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہین ایک ساتھ نیوزی لینڈ جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مصباح الحق ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ مل کر پلان مرتب کر رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ روانگی 20 نومبر کو متوقع ہے، پاکستان ٹیم کے ساتھ پاکستان شاہین بھی نیوزی لینڈ کے دورے پر جائے گی ۔نیوزی لینڈ میں قرنطینہ کے دوران انٹرا اسکواڈ ٹریننگ اور میچز کھیلے جائیں گے، شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم نے دورے میں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں جبکہ پاکستان شاہین نے 2چار روزہ اور 5ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں۔ٹیسٹ سیریز کے دوران پاکستان شاہین ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی، پاکستان ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑی پاکستان شاہین کو دستیاب ہوں گے۔

پاکستان شاہین کے طویل دورانیے کی کرکٹ کھیلنے والے کرکٹرز ٹیسٹ سیریز میں پاکستان ٹیم کو دستیاب ہوں گے اسی طرح پاکستان ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران پاکستان شاہین چار روزہ میچز کھیل رہی ہوگی۔پاکستان شاہین کے ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے کھلاڑی پاکستان ٹیم کو دستیاب ہوں گے، دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ 40کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل ہوسکتا ہے۔