لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے گریڈ ایک سے17تک کے 828ملازمین میں 20لاکھ روپے اعزازیہ کی رقم یکساں طور پر تقسیم کر دی گئی جس سے تمام ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اور انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ بڑی عید سے قبل اس طرح کی مالی معاونت اُن کے لئے بہت بڑا ریلیف ثابت ہوگی۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ای ڈی پنز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ اس ادارے کے تمام ملازمین نے کورونا وبا کے دوران مریضوں کا بلا تعطل علاج معالجہ جاری رکھا اور اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی خدمت کرنے پر اُن کو شاباش اور حوصلہ افزائی کے طور پر اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس پر فوری طور پر عملدرآمد بھی کر دیا گیا ہے۔ا نہوں نے خود اس امر کو یقینی بنایا ہے کہ تمام ملازمین کو کسی تفریق کے بغیر یکساں 20لاکھ روپے کی رقم تقسیم کر دی جائے تاکہ کسی کو کوئی اعتراض نہ ہو۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ دماغی امراض کا ادارہ ہونے کے ناطے یہ انسٹی ٹیوٹ زیادہ اہمیت کا حامل ہے اور وہ اپنے ہر” کولیگ “کی بھرپور حوصلہ افزائی پر یقین رکھتے ہیں۔
اس موقع پر میڈیکل آفیسرز،نرسنگ سٹاف،کلیریکل و پیرا میڈیکس اور دیگر ملازمین نے اعزازیہ ملنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اسی لگن اور جذبے کے تحت کام کرتے رہیں گے۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایم ایس ڈاکٹر طاہر رشید، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم، ڈائریکٹر فنانس محمد عارف و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
