نیوروسائنسز 283

نیوروسائنسز کا عید کی چھٹیوں میں ایم آر آئی و سی ٹی سکین کرنے کا اعلان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے عید کی چھٹیوں کے دوران بھی ایم آر آئی اور سی ٹی سکین جیسے پیچیدہ اور مہنگے ٹیسٹوں کو جاری رکھنے کا اعلان کر دیا، ایم آر آئی کی سہولت صبح8سے رات12بجے تک میسر ہو گی جبکہ سی ٹی سکین کا شعبہ 24گھنٹے کھلا رہے گا تاکہ حادثات اور بالخصوص سر پر چوٹ آنے والے مریضوں کی بر وقت تشخیص اور فوری طبی امداد کو یقینی بنایا جا سکے۔

پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ اس اقدام کا فیصلہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر پنجاب بیرسٹر نبیل اعوان کے احکامات پر کیا گیا ہے جو اپنی نوعیت کے اعتبار سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا اور جس سے سینکڑوں مریضوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہو ں نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ میں عید کی تعطیلات کے لئے ایم آر آئی ٹیکنیشز اور نرسنگ سٹاف کی خصوصی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں جبکہ متعلقہ ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بھی اپنے فرائض سر انجام دے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید کی تعطیلات کے دوران خصوصی طور پر احتیاط کریں،نوجوان ون ویلنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں تاکہ حادثات اور سر پر چوٹ سے آپ کی عید خراب نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہیے اور عید اور تہواروں پر خوشی منانے کے دیگرطریقے اختیار کرنا چاہیے۔

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ بالخصوص کورونا کی موجودہ صورتحال میں ہر شہری زیادہ سے زیادہ گھر رہیں اوربلا ضرورت باہر نہ نکلیں،اسی طرح خواتین کو بھی موٹر سائیکل پر بیٹھتے ہوئے اپنے دوپٹے،برقعے اور کپڑوں کی احتیاط کرنی چاہیے تاکہ وہ کسی حادثے کا شکار ہو کر ہسپتال کا رخ نہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں