لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کو سٹیٹ آف دی آرٹ علاج گاہ بنانے اور سکیورٹی کے انتظامات کو مزید فول پروف کرنے کے لئے نجی کمپنی کے 30سکیورٹی گارڈز نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ میں 150کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کر دیے گئے ہیں جن کوفنکشنل رکھنے کے لئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ ادارہ میں آنے جانے والوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پرمانیٹرنگ ہو گی۔
اسی طرح پی آئی این ایس میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے نجی کمپنی کے 30اہلکاروں نے کام شروع کر دیا ہے جو24گھنٹے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے اور ادارے کے تمام شعبوں میں بر وقت صفائی کو یقینی بنایا جائیگا۔
ای ڈی پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد مریضوں، لواحقین، طبی عملے اور انسٹی ٹیوٹ میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا اور ہر آنے والے شخص کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ہے جس کے لئے تمام وسائل برؤئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح “پنز”میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کی ذمہ داری بھی نجی کمپنی کے سپرد کر دی گئی ہے جس کے 30اہلکار تین شفٹوں میں کام کریں گے۔
پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے مزید بتایا کہ ان اقدامات کی نگرانی انتظامی ڈاکٹرز کریں گے تاکہ مشکوک اشخاص کی حرکات و سکنات پر کڑی نگاہ رکھی جا سکے اور انہیں قانون کے شکنجے میں کسا جا سکے۔ای ڈی پنز نے کہا کہ ان انتظامات کی وجہ سے ہسپتال میں لڑائی جھگڑا کرنے والے عناصر کی بھی حوصلہ شکنی اور نشاندہی ہو سکے گی اور عملے کی کارکردگی پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی جس سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کا معیار مزید بہتر ہو گا اور مریضوں کو علاج معالجے میں بھی مدد حاصل ہوگی۔