لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب سردا ر عثمان بزدار نے نیور و سرجری کے مریضوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے لئے30کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ مزید 11وینٹی لیٹرز سمیت 22کروڑ روپے کی لاگت سے عالمی معیار کی بائی پلین اینجیوگرافی مشین نصب کی جائے گی تاکہ ادارے کو مزید اپ گریڈ کیا جا سکے۔
پروفیسر خالد محمود کا کہنا تھا کہ جدید مشینری کی خریداری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے، بائی پلین اینجیو گرافی کی تنصیب سے دماغ اور حرام مغز کی تشخیص اور علاج معالجے میں مدد ملے گی جو دماغی امراض کے شعبے میں کسی بریک تھرو سے کم نہیں اور یہ امر پی آئی این ایس کیلئے بھی خوش آئند ہوگا۔
ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے مزید بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں لاہور شہر اور پنجاب سے ہی نہیں بلکہ ملک بھر سے نیورو سرجری، ٹراما،دماغی امراض، مہروں کے درداور دماغی رسولیوں کے مریض لائے جاتے ہیں جن کے پیچیدہ آپریشن جدید طریقہ کار سے کرنے سے مریضوں کا روز بروز رش بڑ ھ جاتا ہے جس پر قابو پانے کیلئے11نئی وینٹی لیٹرز اوربائی پلین اینجیو گرافی مشین کی تنصیب خاطر خواہ مدد فراہم کرے گی۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ مریضوں کا بہتر سے بہتر علاج معالجہ نیورو انسٹی ٹیوٹ انتظامیہ کا نصب العین ہے جس پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنا کر حکومت اور عوام کی توقعات پرپورااتریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بائی پلین مشین کے فنکشنل ہونے سے مریضوں کو پرائیویٹ شعبے میں نہیں جانا پڑے گا او ر بھاری فیسوں کی ادائیگی کی بجائے انہیں پنجاب حکومت کی صحت دوست پالیسی کے مطابق مفت طبی سہولیات فراہم ہوں گی جس کا سہرا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے سر ہے۔