سیلزٹیکس

نیشنل سیلزٹیکس ریٹرن کا اجراء آج کیا جائے گا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے تیار کی گئی نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن کا اجراء آج ( جمعہ) کو کیا جائے گا۔ایف بی آر نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن کی ہے اوروزیر خزانہ شوکت ترین آج جمعہ کے روز نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن کا اجرا ء کریں گے۔ ایف بی آر کے مطابق نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی، کاروبار میں آسانی اور فروغ کیلئے تیار کی گئی ہے جو ڈیجیٹل سہولت ٹیکس جمع کروانے کے طریقہ کار کو آسان بنائے گی جس سے تعمیلی اخراجات کی بچت ہوگی ،مزید برآں یہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف جیسے بین الاقوامی اداروں کی اہم سفارشات میں سے ایک ہے۔نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن اعداد و شمار اور حساب کتاب کی غلطیوں جیسے عام مسئلوں کو حل کرکے ڈیٹا کے اندراج کوکم سے کم کرے گا۔

مزید برآں یہ نظام اِن پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ ساتھ سیلز ٹیکس اتھارٹیز میں ٹیکس کی ادائیگیوں کی خودکار طریقے سے تقسیم کرے گا۔اس نظام کے ذریعے تمام ریونیو اتھارٹیز کے افسران ٹیکس دہندگان کے معاملات کے حوالے سے بہتر طور پر باخبر فیصلے کر سکیں گے۔ اس سے ٹیکس اکٹھا کرنے والے بغیر آڈٹ کے ریونیو حصول اورٹیکس تعمیل کو بہتر بنانے کے قابل ہوں گے۔ایف بی آر کے مطابق اس نظام کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ اس سے وفاقی حکومت اورصوبوں کے مابین ٹیکس کے طریق کار، قوانین میں ہم آہنگی اور تشریح کو فروغ ملے گا اور قومی یکجہتی کا عمل یقینی بنے گا ۔