نیب

نیب کا احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ریفرنسز کی جلد سماعت کےلئے پٹیشنز دائر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) نیب نے احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ریفرنسز کی جلد سماعت کے لئے پٹیشنز دائر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کے 1273 ریفرنسزمعزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن کی مالیت تقریبا 1305 ارب روپے ہے، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

بدھ کو قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین نیب،پراسیکوٹر جنرل اکانٹبلیٹی نیب،ڈی جی آپریشنز نیب اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں مختلف کیسزکا جائزہ لیا گیاجس کے بعد اجلاس کو 4جون 2021تک ملتوی کر دیا گیا۔قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قانون کے مطابق ملک و قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لئے نیب پر عزم ہے۔

نیب منی لانڈرنگ،شوگر، آٹا، جعلی اکانٹس، اختیارات کا ناجائزاستعمال، آمدن سے زائد اثاثے، غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز اور مضاربہ سینکڈل کے ملزمان کو قانون کے مطابق منطقی انجا م تک پہنچانانیب کی اولین ترجیح ہے۔ چئیرمین نیب نے کہا کہ پلی بارگین کی حتمی منظوری معزز احتساب عدالت دیتی ہے۔ پلی بارگین میں ملزم نہ صرف اپنے جرم کا اعتراف کرتا ہے بلکہ ملک و قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپس کرتا ہے۔نیب نے 2020 میں 323 ارب روپے اور اپنے قیام سے اب تک 814 ارب روپے بدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر برآمدکیے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے 1273 ریفرنسزمعزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن کی مالیت تقریبا 1305 ارب روپے ہے۔نیب نے معززاحتساب عدالتوں میں زیر سماعت ریفرنسز کی جلد سماعت کے لئے معزز احتساب عدالتوں میں پٹیشنز دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔