قومی احتساب بیورو

نیب نے اوور بلنگ ،یونٹس نکالنے کی تحقیقات کا دائرہ کاربڑھا دیا

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) قومی احتساب بیورو نے اوور بلنگ کرنے اور پھریونٹس نکالنے کی تحقیقات کا دائرہ کاربڑھا دیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر نیب نے لیسکو کے 20 ایس ڈی اوز سمیت دیگر افسران کو نوٹسز بھجواتے ہوئے 4 فروری کو ریکارڈ لے کر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

نیب نے جن افسروں کو طلب کیا ان میں سرکل ون، سرکل ٹو ، سرکل تھری کے افسراور دیگر افسران شامل ہیں۔نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اووربلنگ کرنے اور یونٹس نکالنے کا عرصہ 2020 سے 2024 تک کا ہے، صارفین کے بل میں سے یونٹس نکالنے کی ہدایت کن افسران نے کی تھی آگاہ کیا جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ بیانات کی روشنی میں دیگر افسروں کو بھی بلایا جائے گا جن میں ایکسیئنز، ایس ایز اور چیف انجینئرز کو بھی بلائے جانے کا امکان ہے۔ اوور بلنگ کرنے اور بعد میں یونٹس نکالنے کی انکوائری فروری میں مکمل کر لی جائے گی۔