اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) قومی احتساب بیورو (نیب)نے احسن اقبال کے نیب پر مسلسل الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال کے خلاف قانون کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ریفرنس دائر کیا تھا جو کہ اس وقت زیر سماعت ہے،
احسن اقبال کے نیب پربے بنیاد اور من گھڑت الزامات نہ صرف احتساب عدالت میں قانون کے مطابق نیب کے زیر سماعت مقدمات پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے بلکہ نیب کی ساکھ اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی مذموم پراپیگنڈہ مہم کا حصہ ہے جس کی نیب نہ صرف مذمت کرتا ہے بلکہ نیب نے فیصلہ کیا ہے کہ عدالت میں زیر سماعت مقدمات کے بارے میں عوام کو گمراہ کرنے کے بارے میں مذکورہ فرد کے تمام بے بنیاداور من گھڑت الزامات کی مکمل کاپی پیمرا سے حاصل کر کے نیب آرڈیننس کی شق(a)31کے تحت عوام کو گمراہ کر نے اوربے بنیاد پراپیگنڈہ کا جائزہ لیا جائے گا اس سلسلہ میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ نیب انسداد بد عنوانی کا قومی ادارہ ہے۔ جس کا تعلق کسی سیاسی جماعت،گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔
نیب نے اپنے قیام سے اب تک 822ارب روپے جبکہ موجودہ قیادت کے گزشتہ تین سال سے زائد عر صہ کے دوران 535ارب روپے بد عنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر بر آمدکئے جو کہ ایک ریکارڈ کامیا بی ہے۔ نیب اور پاکستان ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں جبکہ نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
نیب کسی دبا، دھمکی اورگمراہ کن پراپیگنڈہ کی پرواہ کئے بغیر ہمیشہ آئین اور قانو ن کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیتا رہے گا۔ نیب کا ایسے تمام افرا د جن کے خلاف نیب نے معزز احتساب عدالتوں میں قانون کے مطابق ریفرنسز دائر کئے ہیں ان کومشورہ ہے کہ نیب کے بارے میں گمراہ کن بیانات، بلاجواز تنقید اور دھمکیوں کی بجائے اپنی تمام تر توانائیاں اپنے خلاف معزز احتساب عدالت میں دائر نیب کے ٹھوس شواہد پر مبنی ریفرنس کے دفاع میں خرچ کریں جہاں قانو ن اپنا راستہ خود بنائے گا۔نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الاقوامی اداروں خصوصا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان،پلڈاٹ اور مشال پاکستان نے سراہا ہے جو نیب کے لئے اعزاز ہے۔