وزیر اعلی پنجاب

نیا سال پاکستان کی تاریخ میں ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا‘عثمان بزدار

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نیا سال پاکستان کی تاریخ میں ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔عثمان بزدار نے سال نو کی آمد پر مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نئے سال پر تحریک انصاف کی حکومت نے نیا پاکستان قومی ہیلتھ کارڈ کا اجراء کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہے وہ تبدیلی جس کا وعدہ ہمارے کپتان نے قوم سے کیا، یہ صرف کارڈ نہیں بلکہ عام آدمی کے احساس کا جامع پروگرام ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجراء پنجاب کے شہریوں کے لئے نئے سال کا تحفہ ہے۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو معاشرے کے محروم طبقات کی خدمت کا موقع دیا، جسے دل و جان سے نبھاتے رہیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ جس طرح ہم نے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ شروع کیا ہے،اسی طرح عوام کی فلاح وبہبود کا سفر نئے سال میں جاری رہے گا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ چیلنجز سے زیادہ بلند ہمارا عزم ہے، 2022ءپاکستانی قوم کے لئے امید کی کرن لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے ترقی کے سفر کو روکنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، عزت سے سر اٹھا کر جینا ہر انسان کا حق ہے اور ہم انہیں یہ حق دے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ہمیں سال2021ء کو الوداع اور نئے سال2022ء کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لئے تمام ترصلاحیتیں بروئے کارلانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔