جعفرخان مندوخیل 37

نیا سال محض ایک نئے سفر کا آغاز نہیں ،اپنے آپ کو سنوارنے کا بہترین موقع بھی ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ ( رپورٹنگ آن لائن) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے نئے سال 2026 کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیا سال 2026 ہمارے لیے محض ایک نئے سفر کا آغاز نہیں بلکہ اپنے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ایک نئی امید اور اپنے آپ کو سنوارنے کا بہترین موقع بھی ہے۔

جب میں اپنے تقریباً 40 سالہ طویل سیاسی کیریئر پر نظر ڈالتا ہوں تو مجھے ذاتی طور پر زندگی کے متعدد نشیب و فراز یاد آتے ہیں جن کا میں نے مختلف ادوار میں کئی محاذوں پر سامنا کیا ہے۔ یہ بات بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ میڈیا کوریج اور تشہیر کے نقطہ نظر سے، سال 2025 میرے پورے سیاسی کیریئر میں سب سے زیادہ موثر اور اثر انگیز سال رہا ہے۔ بحیثیت گورنربلوچستان مختلف ممالک کے سفیروں اور عالمی وفود کے ساتھ ملک اور خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ملاقاتوں کے علاوہ میرے مختلف سرکاری دورے بالخصوص روس اور چین کیلئے ہمیشہ میری زندگی کی سنہری یادیں رہیں گے۔

میں اسلیے بھی خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے حکومت اور عوام دونوں کی جانب سے میرے توقعات سے بھی زیادہ بہت عزت اور حوصلہ ملا۔ حکومتی حلقوں اور عوام کی جانب سے یہ حوصلہ افزائی اور عزت افزائی میرے لیے طاقت اور تحریک کے باعث ہیں اور میں اس اعتماد کیلئے سب کا شکر گزار ہوں جو میرے کندھوں پر رکھا گیا ہے۔ یہ ہم سب کیلئے فخر اور مسرت کی بات ہے کہ گزشتہ ایک سال میں ہمیں درپیش بیشمار چیلنجز کے باوجود ہم موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے بہتر مستقبل کی تعمیر کے عزم پر ثابت قدم رہے۔

سال 2025 میں میری قابل فخر کامیابیوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو بحران کی حالت سے نکال کر ایک عروج پر پہنچانا ہے۔ ہماری انتھک کاوشوں، سخت نگرانی اور دانشمندانہ فیصلوں کی وجہ سے تقریباً صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کی رینکنگ اور اسکورنگ دوگنا ہو چکی ہے۔ یہ عزم مصمم کی طاقت، مدبرانہ قیادت اور بہتر مستقبل کیلئے مشترکہ وڑن کا ثبوت ہے۔

سردست ہم نے معاشی ترقی کو فروغ دینے، امن و سلامتی کو یقینی بنانے اور تمام شہریوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے مزید کوششیں کرنی ہیں۔ ہم بلاامتیاز تمام لوگوں کے روشن مستقبل کیلئے کام جاری رکھیں گے جہاں ہر فرد کو معیاری تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور اقتصادی مواقع تک رسائی حاصل ہو۔ مجھے یقین ہے کہ ہم سب ملکر ایک تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کی تعبیر کیلئے نئی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ پروردگار ہمیں اپنے عوام کی مزید خدمت اور ملک و قوم کی حقیقی تعمیر و ترقی کیلئے خصوصی توفیق عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں