جنرل ہسپتال

نیا سال، جنرل ہسپتال انتظامیہ کا احسن اقدام، مریضوں و تیمارداروں میں حفاظتی ماسک تقسیم

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) جنرل ہسپتال میں سال نو کا آغاز، مریضوں و لواحقین میں کورونا سے آگاہی، معلومات فراہمی اور عملی طور پر حفاظتی اقدامات اختیار کرنے سے کیا گیا۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کی قیادت میں انتظامی ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف نے بیماروں اور تیمار داروں میں ہزاروں حفاظتی فیس ماسک تقسیم کیے تاکہ اس وبا سے بچا جا سکے۔اس موقع پر پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اب اس میں کوئی شک نہیں کہ کورونا وائرس نے ہم سب کا طرز زندگی بدل کر رکھ دیا ہے اور ہمیں اسی صورتحال کے ساتھ جینے کا فن سیکھنا ہوگا جس کے لئے ضروری ہے کہ شہری اس وبا کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر کو اپنا شعار بنائیں۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق، ڈاکٹر جعفر شاہ، ڈاکٹر عبدالعزیز،نرسنگ سپروائزر انو ر سلطانہ، صدر پیرا میڈیکل سٹاف ایسو سی ایشن رانا پرویزسمیت دیگر ملازمین بھی موجود تھے۔
 جنرل ہسپتال

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ بہتر ہوگا کہ ہسپتال میں مریض کے ساتھ صرف ایک اٹینڈنٹ آئے تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور معالجین،نرسز اور پیرا میڈیکس کو بھی کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری رش کی وجہ سے کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے لیکن لوگوں کی اکثریت ماہرین کی جانب سے بار بار تاکید اور ایس او پیز پر عمل نہ کرنے اور حفاظتی اقدامات کو ہوا میں اڑا نے سے صورتحال بہتر نہیں ہو رہی کیونکہ عام لوگوں کو اس معاملے کی سنگینی کا احساس نہیں۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستان کو یورپ اور امریکہ جیسی صورتحال کا سامنا نہیں لیکن اگر ہم نے معاملے کی نوعیت کو مکمل طور پر نہ سمجھا اور حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کر سکے تو ہمارا ملک بھی سنگین صورتحال سے دو چار ہو سکتا ہے جس کے ہم متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملکی معیشت بھی مشکل کا شکار ہوتی ہے لہذا شہریوں کو چاہیے کہ کورونا کی روک تھام کیلئے طبی ماہرین کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کریں اور اس وائرس کی روک تھام میں حکومت کا ساتھ دیں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے سال 2021کے آغاز کی مبارکباد دیتے ہوئے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈکس، میڈیکل و نرسنگ سٹوڈنٹس اور ملازمین سے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سب مریضوں کی بہتر نگہداشت، میڈیکل تعلیم کے فروغ اور ریسرچ پر بھرپور توجہ دے کر ادارے کا نام روشن کریں گے اورپیشہ وارانہ لگن اور محنت کے ساتھ کام کرتے ہوئے حکومت اور عام آدمی کی توقعات پر پورا اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ نئے سال کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے ماضی سے سیکھتے ہوئے مستقبل کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے اپنی تمام مساعی برؤئے کار لائیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کے اس مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔