عمر ایوب

نہروں کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری مکمل جھوٹ بول رہے ہیں، عمر ایوب

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ہم نے نہروں کا معاملہ روکنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے.

نہروں کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری مکمل جھوٹ بول رہے ہیں۔ایک انٹرویومیں عمر ایوب نے دعویٰ کیا کہ پی ڈی ایم حکومت کا حصہ نگران سیٹ اپ میں نہروں پر پیشرفت ہوئی، الیکشن سے چند منٹ پہلے 7 فروری کو ایکنک میٹنگ میں نہریں بنانے کا فیصلہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ صدرِمملکت آصف علی زرداری نے 8 جولائی 2024 کو گرین منصوبے کے تحت نہریں بنانے کی منظوری دی۔

عمر ایوب نے کہا کہ سندھ بچا تحریک، جی ڈی اے سمیت تحریک انصاف نے نہروں کی مخالفت کی، جب پیپلز پارٹی کی چوری پکڑی گئی تو پھر سی سی آئی کی بات ہوئی۔دریں اثناء اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ دریائے سندھ پر متنازعہ کینالوں کے خلاف سندھ کی عوام کی جدوجہد سلام پیش کرتا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ دریائے سندھ بچائو تحریک، اپوزیشن جماعتیں، وکلا برادری، حلیم عادل شیخ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ دریائے سندھ کے پانی پر پیپلزپارٹی کے ڈاکے کے خلاف سب نے بھرپور کردار ادا کیا۔انہوںنے کہاکہ چھ ماہ قبل ہم نے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی تھی کہ سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالا گیا ہے، آصف علی زداری، بلاول زرداری نے اسٹیبلشمنٹ سے ملی بھگت کر کے سندھ کا پانی بیچ دیا تھا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ الیکشن سے کچھ گھنٹے قبل ایکنک کی میٹنگ میں سندھ کے پانی پر ڈاکے کی اجازت دی گئی۔ عمر ایوب نے کہاکہ ایکنک کی میٹنگ میں اجازت دی گئی کہ سندھ کا پانی چوری کر کے چولستان کو دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ 8 جولائی 2024 کو آصف علی زداری نے گرین پاکستان انیشیٹیو کے نام سے ایک میٹنگ کی صدارت کی، اس میٹنگ میں آصف علی زداری نے اجازت دی جس کے دستاویز ہم نے پیش کئے ہیں۔

عمر ایوب نے کہاکہ ہم سندھ کے پانی کے دفاع کے لئے سیسا پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے، سندھ کے پانی کی دفاع کے لئے اپوزیشن جماعتوں، وکلا نے بھرپور دفاع کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ سی سی آئی کے اجلاس میں کئنال بنانے کا فیصلہ ابھی موخر تو ہوا ہے، خدشہ ہے بجٹ کے بعد پیپلزپارٹی ایک بار پھر سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈلوائیگی۔ عمر ایوب نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کے سینے میں خنجر کھونپا تھا۔