لاہور(رپورٹنگ آن لائن) ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ صرف معاشی استحکام کیلئے ہے اس لئے حکومت کو مستقبل کے حوالے سے غور و فکر جاری رکھنی چاہیے ، جو بھی نگران حکومت آئے گی اس کے لئے معاملات کو چلانا چیلنج سے کم نہیں ہوگا اس لئے نگران وزیر اعظم کیلئے ایسی شخصیت کا چنائو ہونا چاہیے جس کا معیشت کو چلانے کے حوالے سے تجربہ ہو ۔
سیاسی جماعتوں کو اپنی منشور میں معیشت کو پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے سٹرکچرل ریفارمز کو بھی شامل کرنا چاہیے ۔ یہ اچھی تجویز ہے کہ آئندہ جو بھی حکومت آئے وہ دس سالہ معاشی پالیسی بنائے جس کے تسلسل کے لئے اسے قومی اسمبلی سے آئینی تحفظ دلایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا قرض پروگرام صرف معیشت کو مستحکم کرنے کی کوششوں کو سہارا ہے ،آنے والے عرصے میں مستحکم پالیسی پر عمل درآمد اہم ہے۔اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ صرف معاشی استحکام کے لئے ہے، سٹرکچرل چیلنجز سے نکلنے کے لئے پاکستان کو ریفارمز نا گزیر ہیں۔