لاہور(زاہد انجم سے)یوم عاشور کے انتظامات کے سلسلے میں لاہور جنرل ہسپتال میں آج پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرکی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں عاشورہ پر جنرل ہسپتال میں کئے جانے والے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس میں ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم سمیت تمام انتظامی شعبوں کے انچارج صاحبان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ عاشور کے موقع پر محکمہ صحت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عاشور پر ہسپتال کی ایمرجنسی میں جان بچانے والی ادویات وافر مقدار میں سٹاک کی جائیں، طبی الات مکمل طور پر فنکشنل رکھے جائیں اور ملازمین الرٹ رہیں۔ ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ زنجیر زنی سے متاثرہ افراد کے لیے الگ بیڈز مخصوص کیے جائیں گے تاکہ ایمرجنسی میں آنے والے دیگر مریضوں کا علاج بلا تعطل جاری رہ سکے۔
نویں دسویں محرم کو ہر شفٹ میں ایڈیشنل ایم ایس ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔ پرنسپل نے ہدایت کی کہ اے ایم ایس ورکس، الیکٹریکل انجینیئرز اور متعلقہ سٹاف اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔ہسپتال کے جنریٹرز فعال اور ایمبولینسز سٹینڈ بائی رکھی جائیں۔
ہسپتال کے مختلف شعبوں میں باہمی رابطے کے لیے ٹیلی فون ایکسٹینشن کی درستگی یقینی بنائی جائے۔ انچارج بلڈ بینک مختلف بلڈ گروپس کے بیگز کی دستیابی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سٹاف کا کوئی رکن 30 جولائی تک ایم ایس کی اجازت کے بغیر چھٹی نہیں کر سکے گا۔
علاوہ ازیں نرسنگ طالبات بھی نویں دسویں محرم کو ایمرجنسی میں معاونت کے لیے موجود رہیں گی۔ایم ایس تمام معاملات کی براہ راست مانیٹرنگ کریں گے، ڈی ایم ایس یا سٹاف ممبرز اگلی شفٹ کو چارج دیے بغیر نہ جائیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ تمام انتظامی شعبوں کے انچارج صاحبان اپنی ڈیوٹی ذمہ داری سے نبھائیں تاکہ محرم کے تقدس کے تقاضے پورے ہو سکیں۔