بلاول بھٹو زرداری 57

نوجوان ہماری قوم کی دھڑکن اور ہمارے مستقبل کے مشعل بردار ہیں،بلاول بھٹوزرداری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان کے نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ہماری قوم کی دھڑکن اور ہمارے مستقبل کے مشعل بردار ہیں۔

میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے خواب، امیدیں اور امنگیں ایک خوشحال، پرامن اور جمہوری پاکستان کے وژن کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے چیلنج بڑے ہیں، مگر ہماری نوجوان نسل کی طاقت بھی بے مثال ہے۔ مجھے ان کی صلاحیتوں پر غیر متزلزل اعتماد ہے کہ وہ پاکستان کو ایک روشن مستقبل کی طرف لے جائیں گے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جمہوریت، رواداری اور سماجی انصاف کی قدروں کے ساتھ متحد، مضبوط اور پرعزم رہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یاد دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں، ہمیشہ نوجوانوں کو اپنی پالیسیوں کے مرکز میں رکھا- چاہے وہ تعلیمی مواقع کا فروغ ہو، روزگار کی فراہمی یا نوجوانوں کی آواز کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا ہو۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اور یہ ورثہ آج بھی جاری ہے۔ سندھ کے بلدیاتی نظام کے ہر پرت میں نوجوانوں کو بھرپور نمائندگی حاصل ہے۔

سندھ کی عوامی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ شہید بینظیر بھٹو یوتھ ڈولپمینٹ پروگرام اور اس نوعیت کے دیگر اقدام کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت مفت فراہم کی جاتی ہے، تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔ پی پی پی چیئرمین نے نوجوانوں کے ساتھ اپنی جماعت کے غیر متزلزل عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے حقوق کے تحفظ اور ان کی آواز کو ہر فورم پر بلند کرنے کے لیے ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر میں ہر نوجوان پاکستانی کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ اپنے سفر میں اکیلے نہیں ہیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ آپ کی ساتھی، آپ کی حمایتی اور آپ کی وکیل رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں