احسن اقبال

نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانےکےلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی ، احسن اقبال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ، نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی ،

منگل کے روز اسلام آباد میں ینگ ڈویلپمنٹ فیلڈ شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ میری نسل اور پہلے کی نسلیں اس خواب کو دیکھتے ہوئے اپنے بال سفید کرکے رفتہ رفتہ رخصت ہورہی ہیں، پاکستان کے قیام کا تصور پسماند ممالک کو ترقی یافتہ ممالک کے سامنے کھڑا کرنا تھا ،قائداعظم اور ان کی ٹیم کاارمان تھا کہ پاکستان دنیا کے کامیاب ممالک کی صف میں کھڑا ہو اس خواب میں رنگ نہ بھرنے کے پیچھے طویل داستان ہے ، انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام کے ذریعے آگے بڑھایا جاسکتا ہے ، احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں 75سالوں میں ترقی کیلئے پالسیاں بنیں لیکن ان پرتسلسل کے ساتھ عمل نہیں کیا گیا،

ایک ایٹمی ملک کبھی بھی غلام نہیں ہوتا ، اس ملک میں اختلاف کریں لیکن اسے نفرت کی بنیاد نہ بنایا جائے، اپنی رائے رکھیں لیکن اسے غدار یا کم درجے کا محب وطن نہ سمجھیں، ایک دوسرے سے اختلاف رکھیں نہ کہ ایک دوسرے کا خون بہائیں، احسن اقبال نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار اتحاد ویگا نگت پر ہوتا ہے ، اگر ملک میں ہم آہنگی کا نظام نہ ہو تو وہ ترقی نہیں کرسکتے۔