میونخ/کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے جمہوری رویے کی کوئی امید نہیں، انہوں نے ملک کی سیاست اور معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔
پاکستان کی سیاست سے نوجوان مایوس ہو چکے ہیں اور اس مایوسی میں سب سے بڑا کردار بانی پی ٹی آئی کا ہے۔جرمنی کے شہر میونخ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں سنجیدہ فیصلے کرنا ہوں گے۔دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے قومی اتفاق رائے ضروری ہے، کیونکہ ہم صرف اتحاد کے ذریعے ہی دہشت گردوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کر رہی ہے، لیکن پاکستان اپنے نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کے لیے تیار نہیں کر رہا۔انہوں نے فرانس میں ہونے والی مصنوعی ذہانت (اے آئی)کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں دنیا بھر کے ممالک نے شرکت کی، مگر پاکستان کہیں نظر نہیں آیا۔
انہوں نے کہاکہ مقاصد کے حصول کے لیے سیاسی ومعاشی استحکام ودیگرمسائل پرغورکی ضرورت ہیبلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں اور سیاست دان بھی اپنے کردار کی حدود میں رہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا اور اب پاکستان کو عمران خان کی ان کی سیاست سے پاک کرنا ہوگا۔