شہباز شریف 87

نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں اورجدت آموز امنگیں یقینی طور پر نظام تعلیم کی درست سمت میں ترقی کا باعث بنیں گی، وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں اورجدت آموز امنگیں یقینی طور پر نظام تعلیم کی درست سمت میں ترقی کا باعث بنیں گی، پاکستان کا آئین بالخصوص آرٹیکل 25ـاے وفاقی اور صوبائی حکومتیں کی تعلیم کے فروغ اور اصلاحات سے متعلق رہنمائی کرتا رہے گا۔

عالمی یوم تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہاکہ آج عالمی یوم تعلیم پر پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر بھرپور انداذ میں دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان کے تعلیم و تربیت سے وابستہ تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ذاتی طور پر آج تمام عوام، طلبہ و طالبات، اساتذہ،والدین، معلمین اور محققین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں جو ملک بھر میں تعلیم و تربیت اور علم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔انہوںنے کہاکہ رواں سال یہ عالمی دن ”تعلیم کی مشترکہ تشکیل میں نوجوانوں کی طاقت” کے نہایت موزوں عنوان کے تحت منایا جارہا ہے۔

یہ عنوان ہمارے دور میں نوجوان طبقہ کی نظام تعلیم میں بطور ایک فعال شراکت دار ہونے کی ترجمانی کرتا ہے،ایسا نظام تعلیم جو عصر حاضر، جدت اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ، جامع اور موثر ہو۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں اورجدت آموز امنگیں یقینی طور پر نظام تعلیم کی درست سمت میں ترقی کا باعث بنیں گی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی باصلاحیت نوجوان آبادی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کو تعلیم و تربیت، معیاری استعدار کار اور ہنر مندی کے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کا آئین بالخصوص آرٹیکل 25ـاے, وفاقی اور صوبائی حکومتیں کی تعلیم کے فروغ اور اصلاحات سے متعلق رہنمائی کرتا رہے گا۔انہوںنے کہاکہ دور حاضر کی باہم منسلک اور ٹیکنالوجی سے مزین دنیا میں علم و تعلیم کے موجودہ طریق میں تنقیدی سوچ، جدت، ڈیجیٹل مہارت، اخلاقی اقدار اور عملی صلاحیتوں کو جذب کرنے میں ہی انفرادی اور قومی فلاح و ترقی کا راز پنہاں ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان تعلیم کے نظام کو موثر اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اعلیٰ تعلیم اور مہارتوں کے فروغ پر مختلف پروگرامز کے ذریعے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ان پروگرامز میں اعلیٰ تعلیم کے لیے توسیع شدہ وظائف، میرٹ کی بنیاد پر مالی معاونت اور وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم شامل ہے، ان پروگرامز کا مقصد طلبہ کو ڈیجیٹل وسائل تک رسائی، تحقیقی صلاحیت میں اضافہ اور بین الاقوامی سطح کے علم و معیشت سے ہم آہنگ ہونے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ تمام طبقات سے وابستہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی حکمت عملی کا ایک اہم پہلو فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (TVET) کا فروغ ہے تاکہ ہنر مندی اور مہارت قومی ضروریات اور عالمی مواقع کے عین مطابق ہوں۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ذریعے ملک بھر میں موثر اور حسب ضرورت تربیت کے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں،ان اقدامات میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، آٹومیشن اور جدید ٹیکنالوجیز جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں مہارتوں کی تربیت شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ قومی سطح پر ہنر مندی کیلئے اقدامات کے ذریعے مدارس کے نوجوانوں کو بھی قومی نظام میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ باوقار روزگار اور کاروباری مواقع سے مستفید ہوتے ہوئے معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔انہوںنے کہاکہ خواتین کیلئے خاص پروگرامز کے ذریعے تکنیکی، ڈیجیٹل اور گھریلو بنیادوں پر مہارتوں کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ خواتین کی معاشی شمولیت اور معاشی خودانحصاری کو تقویت ملے۔

انہوںنے کہاکہ آج عالمی یوم تعلیم پر میں تمام تعلیمی اداروں، طلباء و طالبات، معلمین و اساتذہ کرام، والدین اور سول سوسائٹی سے گذارش کرتا ہوں کہ آئیے مل کر نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کیلئے ایسے تعلیمی ماحول کو تشکیل دیں جو معیاری نظریہ و فکر ، تمام طبقات کی شمولیت، محنت کی عظمت، علم و تحقیق کے جدید تقاضوں اور عمر بھر سیکھنے کے جذبے کو فروغ دیتا ہو۔ انہوںنے کہاکہ آئیے اس عزم کی تجدید کریں کہ نوجوانوں کے تابناک مستقبل کو تعلیم اور ہنر و مہارت کے نظام کا محور بنائیں گے اور ایک ایسا تعلیمی نظام تشکیل دیں گے جو ہر فرد صلاحیتوں کو نکھارے، مساوات کو فروغ دے اور آنے والی نسلوں کو امن و استحکام ، ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب پاکستان کی قیادت کے لیے تیار کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں