لاہور(رپورٹنگ آن لائن) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے علیم ڈار اکیڈمی میں جاری چیلنج فیشن سپورٹس ڈے کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور اس سرگرمی کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسان خاور نے کہا کہ جہاں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع دینے کی ضرورت ہے وہیں اپنے ینگ ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی بھی لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ یہ ہمارا سرمایہ ہیں جس پر توجہ دینا اور آگے بڑھنے کے مواقع مہیا کرنا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں کھیلوں کے 500 گرانڈ بنائے جا رہے ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں کھیلوں کو گلی محلوں میں پنپنے نہیں دیا گیا لیکن وزیر اعلی عثمان بزدار کا ویژن ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع اپنے اپنے گلی محلوں میں مل سکیں۔ پنجاب میں 500 پلے گرانڈز اسی تناظر میں بنائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے ایسے اداروں کی موجودگی کو تسلی بخش قرار دیا جو نوجوانوں کیلئے آٹ ڈور سرگرمیاں منعقد کر کے ان کی ذہنی آبیاری کر رہے ہیں۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا وزیراعظم پاکستان کا ویژن اور وزیر اعلی پنجاب کا مشن ہے۔ اسی ضمن میں ملک میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ نجی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا تو معیشت کا پہیہ مزید تیز چلے گا۔
حسان خاور نے کہا کہ ہمیں اپنی صنعت کے استحکام میں چینی سرمایہ کاروں کا اشتراک بھی حاصل ہے۔ چینی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے 75 ملین ڈالر کی برآمدات کی جا رہی ہیں جبکہ اسے بڑھاتے ہوئے 400 ملین ڈالر پر لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی سرمایہ کاری ملکی برآمدات بڑھانے اور معیشت کے استحکام کی ضمانت ہے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ ہماری برآمدات ملکی درآمدات سے کم ہیں۔ ہماری ترسیلات بھی اس قابل نہیں کہ اس خلا کو پر کر سکیں۔ یہ خلا صنعتی یونٹ ہی پر کر رہے ہیں۔
یہ یونٹس ہمارے لئے زر مبادلہ کما کر ہماری برآمدات کو آگے لے جا رہے ہیں۔ اور ہمارے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدور طبقے کی فلاح و بہبود پر توجہ دیتے ہوئے حکومت نے مزدور کارڈ کا بھی اجرا کیا ہے جبکہ مزدوروں کیلئے سوشل سیکورٹی سسٹم کو بھی بہتر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو محفوظ اور سازگار ماحول دینے کیلئے موثر اقدامات اور قانون سازی کی جا رہی ہے۔
 
                     
		 
				 
				 
				 
				 
				