احسن اقبال

نوجوانوں کو چمپئن بننے کیلئے منشیات ،سگریٹ جیسی لعنت کو ترک کرنا ہوگا ‘احسن اقبال

نارووال(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ، اللہ کے فضل سے انکا مستقبل بھی روشن ہے ،ان نوجوانوں کو کھیلوں میں بھرپور مواقع ملیں تو یہ پاکستان کا روشن کر سکتے ہیں لہٰذا چمپئن بننے کے لئے منشیات اور سگریٹ جیسی لعنت کو ترک کرنا ہوگا ،باہمی اختلاف اور لڑائی جھگڑوں سے دور رہنا ہوگا ،محنت پر یقین رکھیں کامیابی قدم چومے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل فیڈریشن باڈی بلڈنگ اور ڈسٹرکٹ باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن نارووال کے زیر اہتمام جمنیزیم ہال میں مسٹر سٹی نارووال کے مقابلہ تن سازی کے دوران مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے نارووال سپورٹس سٹی کا منصوبہ بنایا مگر پچھلی حکومت نے اسے تباہ کردیا آئندہ چار ماہ بعد یہ منصوبہ دوبارہ شروع کر رہے ہیں ،فٹبال ،ہاکی، اتھلیٹکس، کبڈی، اسکواش و دیگر 14 کھیلوں کے عالمی معیار کی تربیت دستیاب ہوگی اور یہ دنیا کے لئے بہترین تربیت گاہ ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن نارووال کا کردار قابل ستائش ہے ایسوسی ایشن کے صدر طاہر بٹ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

احسن اقبال نے مسٹر سٹی نارووال کا مقابلہ جیتنے والے شاکر علی کو 50ہزار ہزار نقدی انعام دیا۔اس موقع پر صدر ایسوسی ایشن طاہر بٹ کے علاوہ جنرل سیکرٹری عمر بٹ،وائس چیئرمین چوہدری ناصر گجر، وائس چیئرمین ذیشان چاند، وائس چیئرمین ملک ارشاد، محمد نوید حفیظ کمبوہ، معروف سماجی رہنما عبدالوحید بٹ ،پیر سید اظہر الحسن گیلانی سینئر صحافی عثمان مغل،میاں زاہد، سرفرازکھوکھر ،عامر ملک، فاروق ذبیح و دیگر بھی موجود تھے۔ 60,65,70اور 75 کلو کیٹگیری کے مقابلے ہوئے اور شاکر علی نے مسٹر سٹی نارووال کا مقابلہ جیت لیا ججز کے فرائض محمد ارشد مغل نے ادا کئے ۔

ڈسٹرکٹ باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر طاہر بٹ نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرپرست اعلی خواجہ محمد ندیم بٹ اور پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں سے کامیاب پروگرام کا انعقاد ہوا گھٹن ذدہ ماحول میں تن سازی کے مقابلے تازہ ہوا کا جھونکا ہے اسے جاری رکھا جائے گا۔طاہر بٹ نے جرنلسٹ اینڈ رائٹر کلب نارووال کے صدر عثمان مغل اور ان کی ٹیم کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔