مراد علی شاہ

نوجوانوں کو بااختیار بنائے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، وزیراعلی سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یوم آبادی 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت اپنی تاریخ کی سب سے بڑی نوجوان آبادی کا سامنا ہے، جو اگر درست سمت میں رہنمائی حاصل کرے تو دنیا میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم آبادی کا موضوع نوجوانوں کو بااختیار بنائیں، امید بھرا مستقبل دیں وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی قومی وسائل پر دباؤ ڈال رہی ہے، جس کا حل جامع منصوبہ بندی اور باشعور سماج کی تشکیل ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نوجوانوں بالخصوص خواتین کے لیے صنفی مساوات، تعلیم، صحت اور معاشی مواقع کی فراہمی کو ترجیح دیتی ہے۔

سندھ حکومت نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ، معیاری تعلیم اور تولیدی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت، تعلیم اور صحت کی عدم دستیابی اور صنفی امتیاز جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔ فیصلہ سازی میں نوجوانوں کو شامل کیے بغیر پائیدار مستقبل ممکن نہیں۔

وزیراعلی سندھ نے اس موقع پر شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں طور پر فیملی پلاننگ خدمات کی فراہمی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ تولیدی صحت، تعلیم، صنفی برابری اور شعور اجاگر کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ آئیں ہم سب مل کر نوجوانوں کے لیے ایک محفوظ، بااختیار اور پائیدار دنیا کی بنیاد رکھیں۔