نواسہ رسول

نواسہ رسول کا باطل کے خلاف بلند کیا ہوا علم بلند حوصلہ کے ساتھ سربلند رکھیں گے ، آصف زرداری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سابق صدر آصف علی زرداری کا یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسول امام عالی مقام شہید کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام کا باطل کے خلاف بلند کیا ہوا علم بلند حوصلہ کے ساتھ سربلند رکھیں گے ،ہر طرح کا جبر برداشت کریں گے مگر وقت کے کسی باطل کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔

آصف علی زرداری نے نواسہ رسول کے حضور سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام کائنات حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنے خاندان کی قربانی دیکر حق اور صداقت کو فتح مند کیا ، سابق صدر نے کہا دین اسلام کو زندہ رکھنے کیلیئے حضرت بی بی زینب سلام علیہہ کا عظیم اور بے مثال کردار ہمارے لیئے مشعل راہ ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ شہداء- کربلا کی عظیم قربانی انسانیت کو بیدار کرنے کا وسیلہ ہے۔

سابق صدر نے کہا نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام ساری کائنات کے عظیم ھیرو ہیں یہ ہی وجہہ ہے ہر مذہب اور عقیدے والے انہیں حق اور صداقت کا علمبردار تسلیم کرتے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ ہم امام عالی مقام کے پیروکار ہونے پر فخر اور اعزاز سمجھتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ وقت کے کسی باطل کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ سابق صدر نے کہا ہمیں ان عناصر کو شکست دینی ہوگی جو مذہب کی آڑ انسانیت کو پامال کرتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ میدان کربلا میں یزیدیت کو بے نقاب کرنے والے نواسہ رسول کی قربانی ہمارے لیئے مشعل راہ ہے آل رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا تعین کیا ہوا راستہ انسانیت کی بیداری کا راستہ ہے۔