لاہور(رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وممبر صوبائی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے جراتمندانہ فیصلے کی وجہ سے آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ، نواز شریف نے اربوں ڈالر ز کی پیشکش کو عزت و احترام کے ساتھ مسترد کر کے اپنے ملک اور قوم کے مفادات کو ترجیح دی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوکھر پیلس میں یوم تکبیر کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر فیصل سیف کھوکھر اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ یوم تکبیرجہاں پاکستان کے دفاع کے حوالے سے تجدید عہد کا دن ہے وہیں پوری قوم اپنے لیڈر نواز شریف کو خراج تحسین بھی پیش کرتی ہے جن کی وجہ سے پاکستان ایٹمی طاقت بنا اور آج دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی ۔
انہوںنے کہا کہ صرف مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ہی نہیںملک کا ہر شہری اس دن کو شایان شان طریقے سے مناتا ہے کیونکہ جو تحفہ نواز شریف نے اس قوم کو دیا ہے اس طرح کا کارنامہ کوئی بھی دوسری سیاسی جماعت آج تک سر انجام نہیں دے سکی ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی قیادت میں جس طرح ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی قیادت میں وزیر اعظم شہباز شریف معاشی دھماکہ کر کے پاکستان کو عوام کے لئے فلاحی ریاست بنائیں گے۔
انہوںنے کہا کہ سابقہ حکومت نے مہنگائی کے ذریعے عوام کا جینا دوبھر کر دیا تھا لیکن جب انہیں اقتدار سے بے دخل کیا گیا تو کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہ ہونے کی وجہ سے سازش کا ڈرامہ رچایا گیا جسے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔