اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق شہباز شریف نے ضمانت دی تھی کہ وہ چار ہفتوں کے بعد اپنے بھائی کو وطن واپس لیکر آئیں گے اور کیوںکہ ایسا نہیں ہوا اس لیے حکومت ان کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرے گی،
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عدالت عالیہ کو اس حوالے سے ازخود نوٹس لیتے ہوئے میاں شہباز شریف کو طلب کرنا چاہیے،انھوں نے کہا کہ چونکہ ابھی تک لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے اس معاملے پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی اس لیے وفاقی حکومت نے اس ضمن میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے خلاف عدالتی کارروائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ درخواست کب تک دائر کی جائے گی۔