اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ برطانوی امیگریشن نے بھی نواز شریف کو جھنڈی دکھا دی، یہ بھگوڑے بن کر لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں، قائد ن لیگ نے لندن میں بہت کافی پی لی، پیزے کھا لئے اور پولو میچ دیکھ لئے، اب واپس آئیں، لیگی قیادت کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں، نواز شریف ڈھٹائی کو چھوڑیں اور وطن واپس آئیں، ان کے پاس واپس آنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، ن لیگ نے تو جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کیے، ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک محل بنائے گئے، ڈاکٹرعدنان واپس آگئے، نواز شریف نہیں آئے، لیگی قائد کو برطانیہ نے بھی کہہ دیا آپ کا دانہ پانی ختم ہوگیا۔
جمعہ کو اسلام آباد میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے رہنما تحریک انصاف عثمان ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ویزے کے حوالے سے اپیل مسترد ہو گی،کل رات سے نون لیگی قیادت کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں، نواز شریف ایکسپائر پاسپورٹ پر بھگوڑے بن کر بیٹھے ہیں،لوٹ مار کر کے جس ملک میں ایون فیلڈ کے محلات بنائے،اس ملک نے بھی انہیں لال جھنڈی دکھا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں نے نواز شریف کو کرپشن پر سزا دی ہے،علاج کی غرض سے دوسروں کا طعنہ دینے والوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ مسلم لیگ نون نے جھوٹ بولنے میں ورلڈ ریکارڈ قائم کئے ہیں، قطری خط، کیلیبری فونٹ ان کا طرہ امتیاز ہے، پلیٹ لیٹس کی رام لیلا ختم ہو گئی، ڈاکٹر عدنان واپس آ گئے لیکن نواز شریف واپس نہیں آئے، نواز شریف کے پاس اور کوئی چارہ نہیں واپس آئیں اور اپنی سزاﺅں کو پورا کریں تا کہ ان سے لوٹی ہوئی دولت واپس لی جا سکے، لندن میں بہت کافی پی لی، پیزے کھا لئے۔وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا کہ صحافیوں کو بھی کامیاب نوجوان پروگرام کا حصہ بنارہے ہیں اس کےلئے پریس کلبز کے ساتھ مل کر طریقہ کار مرتب کیا جا رہا ہے جو صحافیوں کامیاب نوجوان پروگرام کی شرائط پر پورا اترتے ہیں ان کو قرض کی سہولت فراہم کی جائے گی تا کہ وہ اگر اس فیلڈ کے حوالے سے کام کرنا چاہتے ہیں تو بینک انہیں سرمایہ فراہم کرے گا۔ اس موقع پر معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام صرف قرضہ سکیم نہیں اس کے تین حصے ہیں، انٹر پنیورشپ، ٹیکنیکل ایجوکیشن اور انگیجمنٹ لون ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو لاکھ کے قریب نوجوانوں کو سکلزایجوکیشن سکالرشپ دی گئی،اس کا ڈیٹا بھی پبلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کےلئے چار ارب روپے منظور کئے گئے ہیں،ہم پبلک پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں کامیاب نوجوان مراکز بنانے جا رہے ہیں، بنیادی طور پر یہ ڈویلپمنٹ سنٹر ہوں گے جہاں نوجوانوں کو جاب کونسلنگ، سکالر شپ اور بزنس لون کے حوالے سے معلومات فراہم کی جائیں گی،ایچ ای سی کے ساتھ مل کر سپورٹس اکیڈمی بھی شروع کرنے جا رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کھیل کے میدان میں کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت قومی ہیروز سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کی ویب سائٹ پر بزنس لون کے حوالے سے ڈیٹا فراہم کیا جا رہا ہے، جہاں پورے ملک میں کتنے لوگوں کو لون فراہم کیا گیا سب دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کےلئے 100 ارب روپے رکھے گئے ہیں،22ہزار نوجوانوں کو قرض دیا جا چکا ہے،کورونا وباءکی وجہ سے کامیاب پروگرام کے تحت لون کی فراہمی میں تیزی نہیں آ سکی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 6 لاکھ63ہزار لون درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں، درخواستیں مسترد ہونے کی وجہ نوجوان اپنی عمر کم بتاتے ہیں، نوجوانوں کے پاس پروگرام ہی نہیں،نوجوان تیاری کریں، لون پارٹی بنیادوں پر نہیں میرٹ پر دیئے جا رہے ہیں،اس کا ڈیٹا فراہم کر سکتے ہیں کہ لون کسی ایم این اے یا مشیر کی سفارش پر نہیں مکمل میرٹ پر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ 20 سے 25ہزار درخواستیں آتی ہیں، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر لون کی فراہمی میں تیزی لائی جائے گی۔