ٹیکسلا (رپورٹنگ آن لائن )مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی ترجیحات تھیں کہ پاکستان دنیا کا ایک عظیم ملک بنے،نواز شریف بہت جلد وطن واپس آئیں گے اور ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ختم ہوا تھا،موجودہ حکومت جھوٹ کے سہارے پر چل رہی ہے،
تبدیلی سرکار نے غریب عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے،مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے مگر حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں،نا اہل وزیر اعظم نے ساڑھے تین سالوں میں ملک کادیوالیہ نکال دیا ہے،ان خیالات کا اظہارانہوں نے چئیرمین یونین کونسل لب ٹھٹھو حاجی علی اصغر اعوان کی جانب سے مسلم لیگ ن کے نو منتخب وائس پریذیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ واہ کینٹ ملک عارف محمود اور وائس پریذیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ ٹیکسلا غلام دستگیر بٹ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا، شیخ آفتاب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں لوہے کی دیوار بن چکی ہے،
گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں پارٹی کا ایک بھی رکن صوبائی اور قومی اسمبلی ٹوٹ نہیں سکا ،کارکنان اپنے قائد کے پیچھے ایک چٹان کی مانند کھڑے ہیں،نواز شریف نے اپنی عوام کی خاطر قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں،لیکن کبھی بھی اپنی زندگی کی پرواہ نہیں کی ہمیشہ عوام کی بھلائی کے لئے سوچا اور کیا، انکا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے لیکن انکے وزراءروز جھوٹ بول بول کر عوام کو مطمئن کرتے نظر آتے ہیں،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر ملک ابرار کا کہنا تھا کہ کہ عمران خان پاکستان کو گنگال کر چکا ہے،مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے جبکہ نا اہل وزیر اعظم راگ الاپ رہے ہیں کہ گھبرانا نہیں،وزیر اعظم بتائیں وہ اور کتنا عوام کا امتحان لیں گے،عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، انکا کہنا تھا کہ پارٹی کا اصل اثاثہ پارٹی کے ورکرز ہوتے ہیں،انکی قدر و منزلت ہم سب پر لازم ہے۔