نواز شریف اور اسحاق ڈار

نواز شریف اور اسحاق ڈار کو اللہ ہی لائے گا تو وہ آئیں گے، وزیر داخلہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اللہ ہی لائے گا تو وہ آئیں گے، پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی ، 12 فروری سے 12 مارچ تک الیکشن کمیشن سینیٹ الیکشن کا اعلان کرسکتا ہے، عمران خان بدعنوان اور منی لانڈرنگ کرنیوالے عناصر کیخلاف ایسا قانون لائیں گے کہ ان کی چیخیں نکل جائیں گے،

اپوزیشن نے اسمبلیوں سے استعفی دیئے تو ان کی سیٹوں پر ہی الیکشن کرا دیں گے،جب تک وزیر ہوں کسی کنٹریکٹ ملازم کو نہیں نکالوں گا، ہمیں تنخواہوں سے نہیں، کام سے غرض ہے، نادرا لوگوں کے مسائل کے حل پر توجہ دے، نادرا کا ترجمان ذرا ڈھیلا ہے، اسے تیز کروں گا، 7 لاکھ سے زائد افغانی رجسٹرڈ ہیں۔ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب اتوار سے نادرا کے دفاتر کھلے رہیں گے، پہلا شناختی کارڈ مفت ہوگا جو 15 دن میں بنے گا، پاکستان کے تمام سفارت خانوں میں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر کھولے جائیں گے،

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل 2 ماہ میں حل کر لیے جائیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کو کورونا کی کوئی پروا نہیں، اپوزیشن کو سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لیتے دیکھ رہا ہوں، 12 فروری سے الیکشن ہوسکتے ہیں، حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کیونکہ یہ تو سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہی پتہ چلے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے لوگ اسمبلیوں سے استعفے دیں گے تو ان کی سیٹوں پر الیکشن کرا دیں گے، الیکشن کمیشن 12 فروری سے 12 مارچ کے دوران کسی بھی دن سینیٹ انتخابات کا اعلان کرسکتا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ مجھ سے شرط لگا لیں، وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے، اسحاق ڈار اور نواز شریف کو اللہ لائے تو وہ آئیں گے کیونکہ ہمارا برطانیہ کے ساتھ قیدیوں کا کوئی معاہدہ نہیں، عمران خان سینیٹ میں اکثریت حاصل کر گیا تو ایسے قانون لائے گا کہ کرپٹ اور بے ایمان سیاست دانوں کی چیخیں نکلیں گی۔