اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف آئندہ عام انتخابات سے پہلے ضرور پاکستان آئیں گے۔ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف آئندہ عام انتخابات سے پہلے ضرور پاکستان آئے گے اور مسلم لیگ ن کی مہم کو لیڈ کرے گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی واپسی ان کے معالجین سے مشروط ہے، ہمیں پوری غالب امید ہے اگلے الیکشن سے پہلے ضرور پاکستان آئیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی 9 حلقوں سے اگر الیکشن لڑ رہا ہے، اس کا صاف مطلب ہے پی ٹی ائی کے پاس امیدوار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے امیدوار کہتے ہیں ہم نے استعفے دینے کے لئے پیسے خرچ نہیں کرنے، عمران خان خود اپنی سیاست سے پریشان ہے کیوں کہ اس کے پارٹی کے لوگ الیکشن لڑنے کے تیار نہیں۔ وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس بند نہیں ہو گا عمران خان آپ کو این آر او نہیں ملے گا، جو اپ نے کروڑوں روپے خوردبرد کئے ہیں پاکستان دشمنوں سے لے کر انتشار پھیلایا ہے جواب دینا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پوری قوم کو کہتا رہا ہم امریکہ کی غلامی سے نکلے گے اور اب امریکہ کی جوتیاں پالش کر رہا ہے اپنے ایلچی بھیج رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے ہاتھ اس معاہدے نے باندھے ہوئے ہیں جس کے اوپر آئی ایم ایف نے عمران خان ساتھ مل کر دستخط کئے ہیں۔