لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ومعروف قانون دان سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس میں ان کے مخالفین نے 5کروڑ روپے فیس کی پیشکش کی تھی لیکن میں نے کیس لینے سے انکار کر دیا تھا ،نواز شریف کے خلاف طیارہ ہائی چیکنگ کیس میں بھی میرے ساتھ رابطہ کیا گیا تھا اور اس کیس میں بھی کروڑوں روپے فیس کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں نے نواز شریف کے خلاف کیس نہیں لیا تھا۔
ایک انٹر ویو میں سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں نے اس وقت کہا تھا میری نواز شریف سے مخالفت اپنی جگہ لیکن طیارہ ہائی جیکنگ کا کیس اور وہ بھی پرویز مشرف کا بنایا ہوا میں نہیں لڑوں گا اور معذرت کر لی تھی ، مجھے اس کیس میں کئی کروڑوں روپے فیس کی پیشکش تھی۔ انہوںنے اس سوال کہ فیس لیتے کتنی ہیں کے جواب میں کہا کہ آپ کیو ں ٹیکس والوں کو میرے پیچھے پڑوانا چاہتے ہیں۔









