اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نوازشریف کے پیچھے قانون کے ہاتھ کوروکنے کیلئے سب کیا جارہا ہے، اپوزیشن کو ملکی معیشت سے کوئی دلچسپی نہیں،سندھ پیپلزپارٹی کی حکومت ہے انہوں نے گرفتاری کا ڈرامہ رچایا، مزار کی بے حرمتی پر ان کو معافی مانگی چاہیے تھی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے پیچھے قانون کے ہاتھ کوروکنے کیلئے سب کیا جارہا ہے، اپوزیشن کوملکی معیشت سے کوئی دلچسپی نہیں، جب کورونا شروع ہوا یہ بغلیں بجا رہے تھے، فیٹف کے بل میں ناکامی پرانہوں نے جلسے جلوسوں کا ناٹک شروع کیا، کرپشن پران کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔
وزیراعظم کا کیپٹن (ر)صفدرکی گرفتاری سے تعلق کیا ہے، سندھ پیپلزپارٹی کی حکومت ہے انہوں نے گرفتاری کا ڈرامہ رچایا، مزار کی بے حرمتی پر ان کو معافی مانگی چاہیے تھی، مزارپرنعرے بازی کی گئی۔ اپنے دور حکومت میں اپوزیشن نے اداروں کو مفلوج کیا، ہمارا بس چلے تو 24 گھنٹے احتساب کی عدالتوں پرکام کریں، ہم صرف کیسز ختم کرنے کی درخواست کرسکتے ہیں، کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں تباہی مچی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے کورونا کا بہتر طور پر مقابلہ کیا۔ مہنگائی کے حوالے سے آنے والے چند ہفتوں میں عوام تبدیلی محسوس کرے گی۔