لاہور(رپورٹنگ آن لائن) محکمہ داخلہ پنجاب نے مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف کی طبی رپورٹس کا جائزہ لینے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ کا سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عارف ندیم کو مقرر کیا گیا ہے اور یہی بورڈ پہلے سے نوازشریف کی صحت کی رپورٹس کا جائزہ لے رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق 9رکنی بورڈ 5دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا، اٹارنی جنرل آفس کے لیٹرپرمحکمہ داخلہ پنجاب نے نوازشریف کی صحت سے متعلق نئی دستاویزات محکمہ صحت کو بھجوادی ہیں جب کہ سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ میڈیکل بورڈ کو ہائیکورٹ میں جمع ہونیوالی دستاویزات بھجوائے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہناہے کہ پنجاب حکومت کے قائم کیے گئے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی مزید رپورٹس طلب کی تھیں، اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے ملنے والے خط میں کہا گیا کہ نئی دستاویزات پر بورڈ سے رائے لی جائے۔
واضح رہے کہ امریکی ڈاکٹر فیاض شال نے نواز شریف کی صحت سے متعلق رپورٹ تیار کی ہے جو 28 جنوری کو لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئیں۔رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر نے نوازشریف کو سفر کرنے سے منع کیا ہے اور انہیں علاج مکمل کرائے بغیر پاکستان جانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔