اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان واپسی کے لیے بے چین ہیں، بہت جلد واپس آجائیں گے،پاکستان ان کا ملک اور مٹی ہے، عمران خان کے پاس اب بھی عوام کی جان چھوڑنے کا وقت ہے، عمران خان اپنی کارکردگی کے بوجھ تلے دب گئے ہیں، اب وہ مزید اقتدار میں نہیں رہ سکتے ہیں۔
منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز نے کہا کہ نیب نے آج کارروائی ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے، نیب سے ثبوتوں سے متعلق عدالت میں سوال ہوئے، نیب کے پاس عدالت میں پیش کرنے کےلئے کوئی جواب نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج نیب نے التواءمانگا ہے اور کہا ہے کہ پراسیکیوٹر کی طبیعت ناساز ہے، وہ بھی وقت تھا جو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعا کرتا تھاآج التواءمانگ رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا نتیجہ پاکستان تحریک انصاف کی ناقص کارکردگی ہے، تحریک انصاف کا ٹکٹ رسوائی کا ٹکٹ بن چکا ہے، تحریک انصاف پہلی حکومت ہے جو ایک کے بعد ایک انتخابات ہار رہی ہے، تحریک انصاف کو لاہور، خانیوال، پشاور اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع سے شرمناک شکست ہوئی، تحریک انصاف پارٹی کے رہنما عوام میں ہیلمٹ پہن کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس اب بھی موقع ہے استعفیٰ دے دیں اور عوام کی جان چھوڑ دیں، اس کے بعد برا وقت آنے والا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف پارٹی کے صدر اور سب کے لیڈر ہیں، پارٹی کے فیصلوں کا اختیار نواز شریف کے پاس ہے، ہم نے اپنی جماعت کوکہا ہے کہ خیبرپختونخوا پر خاص توجہ کی ضرورت ہے،پشاور میں ایک بی آر ٹی ہے جو چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے،کبھی مشرف ہوتے تھے جو مکے دکھا کر کہتے تھے کہ نواز شریف تاریخ بن گئے، اس کے بعد نواز شریف نے تیسری بار وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا، مولانا فضل الرحمان کی فتح ہماری فتح ہے، مولانا فضل الرحمان کو کے پی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتی ہوں،نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے،مجھ سمیت ہم سب چاہتے ہیں کہ نواز شریف وطن واپس آئیں وہ وطن واپسی کےلئے بے چین ہیں۔
مریم نواز نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کانفرنس افغانستان مسئلے کےلئے بلائی گئی تھی، مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور وہاں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔صحافی کے ویڈیو لیک کے حوالے سے سوال پر مریم نواز سوال گول کر گئیں