سعید غنی

نوازشریف نے اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر بینظیر کےساتھ غیرمناسب سلوک کیا، سعید غنی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم کو اپنے ہی لوگ چھوڑ کرچلے گئے ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس 172سے زائد نمبرز ہیں جبکہ وزیراعظم کو اپنے لوگ چھوڑ کرچلے گئے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ 3 دن میں حکومت کے اور ارکان ظاہر ہوں گے، حکومت سے جانےوالے اراکین پر ردعمل پی ٹی آئی سوچ ہے عوامی نہیں ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے جبکہ نوازشریف نے اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر بینظیر کےساتھ غیرمناسب سلوک کیا۔

وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے کوئی وزارت نہیں مانگی، حکومت میں شامل کرنے کی خواہش ہماری ہے جبکہ جعلی ڈومیسائل کا معاملہ صر ف ایم کیوایم کا نہیں ہمارا بھی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ ملازمتوں کا کوٹہ ہے اس معاملے پر بھی ایم کیوایم اور ہم بات کریں گے، مردم شماری سمیت تمام معاملات پر ایم کیوایم مشاورت کا حصہ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت میں مشاورت کا عمل ہوگا کیونکہ ایم کیوایم کے تحفظات ایسے نہیں جو ناقابل غور ہیں، پیپلزپارٹی کی خواہش ہے ایم کیوایم کےساتھ طویل ورکنگ ریلیشن شپ رہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ناظم جوکھیو کا بھائی پیپلزپارٹی کا ٹکٹ ہولڈر تھا، ناظم جوکھیو کی اہلیہ پر کسی نے معافی کےلیے دبا نہیں ڈالا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں عدالت کا جو فیصلہ ہوگا وہی قبول کیا جائے گا۔