اسلام آ باد(رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی صحت پہلے سے بہت بہتر ہے، حکمران جماعت کیا نواز شریف کے ٹیکوں کا ریکارڈ رکھے گی، میاں نواز شریف تو روز اس حکومت کو ٹیکے لگاتے ہیں۔
منگل کو نجی ٹی و ی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ن لیگ نے کبھی کسی ڈھیل دینے کی بات کی اور نہ ڈیل پر راضی ہوئی ہے، ہمارا ہمیشہ سے فری اینڈ فیئر الیکشن کا مطالبہ رہا ہے، اداروں کو چاہیئے کہ وہ اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ نواز شریف اب بھی ووٹ کو عزت ملنے کے وعدے پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں کوئی ایک ایسا بندہ بھی نہیں جو نواز شریف کا متبادل نہیں، ن لیگ سے نواز شریف کو نکال دیا جائے تو پارٹی میں کچھ نہیں بچے گا۔
برطرف وزیراعظم کی ملک واپسی سے متعلق رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف واپسی کا فیصلہ خود کریںگے اور اعلان بھی خود کرینگے، ایاز صادق کی نواز شریف کو واپس لانے والی بات سے اتفاق نہیں کرتا۔ ن لیگی رہنما کے مطابق نواز شریف کسی بندے کے لیے کوئی رعایت نہیں مانگ رہے ہیں، انتقام کا یہ سلسلہ اپنی موت آپ دم توڑ رہا ہے، مختلف قوتیں میاں صاحب کو سیاست سے مائنس کرنا چاہتی ہیں، پاکستان میں کچھ حصوں کو مقبول رہنما برداشت نہیں ہوتا۔