لاہور (رپورٹنگ آن لائن) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم صفدر صرف اپنی اہمیت ظاہر کرنے کیلئے ملک کی سیاست میں انتشار اورفساد برپا کرنا چاہتے ہیں ،پی ڈی ایم مردہ گھوڑا ہے جسے نواز شریف ، مریم اور فضل الرحمان زبردستی گھسیٹ رہے ہیں،مسلم لیگ(ن) کا شیرازہ بکھر چکا ہے صرف اس کا باضابطہ اعلان ہوناباقی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کو یہ درد ہے کہ حکومت اور تمام ادارے ایک پیج پر کیوں ہیں اور ملک کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی جانب کامیابی سے پیشرفت کیوں کر رہے ہیں ۔حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ بھی حکومت بنا کر کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے سمیت ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مہنگائی کے جن کوبوتل میں بند کریں گے ،حکومت عملی پیشرفت کر رہی ہے اور آنے والے دنوںمیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوںمیں کمی ہو گی ۔
وزیر اعظم عمران خان اسٹیٹس کو کی حامل قوتوں کا جرات اوردلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں اور انہیں ہر حال میں شکست سے دوچار کریں گے۔