لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کے معروف یوٹیوبر و ٹک ٹاکر رجب بٹ کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی ۔
ٹک ٹاکر کے خلاف کراچی میں نماز کی مبینہ بے حرمتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم رجب بٹ نے پولیس کی گرفتاری سے بچنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت دائر کی ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خدشہ ہے رجب بٹ کو کراچی میں داخلے پر گرفتار کرلیا جائے گا، اس لیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی جائے۔
رجب بٹ اپنے وکلا کے ہمراہ لاہور عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ وہ کیس کی پیروی کے لئے کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن خدشہ ہے کہ عدالت میں پیش ہونے سے پہلے پولیس انہیں گرفتار کرلے گی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے حفاظتی ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے سات روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔یاد رہے کہ ٹک ٹاکر کے خلاف بیہودہ اور فحش حرکات کی ویڈیوز اپلوڈ کرنے پر ملتان کی عدالت میں بھی سماعت کی گئی تھی۔