مسرت جمشید چیمہ

(ن)لیگ ریاست مخالفت بیانیے کی وجہ سے لاہور جلسے کی ناکامی کے خوف کا شکار ہے’مسرت جمشید چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ و ممبرگڈگورننس کمیٹی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)ریاست مخالفت بیانیے کی وجہ سے لاہور جلسے کی ناکامی کے خوف کا شکار ہے ، سلمان رفیق، ایاز صادق کے انکار کے بعد رانا ثنا اللہ نے سبکی سے بچنے کیلئے کنوینر کی ذمہ داری لی، اپنے دور میں قومی خزانے کو کروڑوں، اربوں کاکھانچہ لگانے والے حکومت سے باہر آنے کے بعد پارٹی سیکرٹریٹ کے ملازمین کی تنخواہیں اوریوٹیلٹی بلز بھی ادا نہیں کرپا رہے۔

میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جلسے کے انتظامات کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹیوں میں شامل رہنما بھی اضطراب میں مبتلا ہیں ،ریاست مخالف بیانیے پر نواز شریف اور مریم نواز کو اپنی جماعت کے اندر بھی مزاحمت کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی میدان میں بد ترین شکست کے بعد شریف خاندان کا ایک حصہ اداروں پر حملہ آور ہوا ، مریم نواز نے عدالت میں جذباتی ملاقات کے ذریعے خاندانی اختلافات پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کی۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ قوم سرحدوں پراور دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دینے والی پاک فوج کے ساتھ ہے اورہرزہ سرائی کرنے والوں کا وقت آنے پر کڑامحاسبہ بھی کرے گی ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے دور میں سرکاری خرچے پر چلنے والے سیاسی دفاتر ان کے اپوزیشن میں آتے ہی دیوالیہ ہو گئے ہیں ،خزانے کو کروڑوں، اربوں کاکھانچہ لگانے والے سیکرٹریٹ کے ملازمین کی تنخواہیں اوریوٹیلٹی بلز ادا نہیں کرپا رہے اورپارٹی رہنمائوں سے زبردستی چندا اکٹھاکیاجارہاہے۔