چیف جسٹس پاکستان

نظام انصاف میں ہمیں جس مقام پر ہونا چاہیے اس کیلئے طویل سفر باقی ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد( ر پورٹنگ آن لائن) چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ نظام انصاف میں ہمیں جس مقام پر ہونا چاہیے اس کیلئے طویل سفر باقی ہے، ججز کی مکمل خودمختاری کے بغیر عوام کو انصاف کی فراہمی ممکن نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نئے عدالتی سال کی تقریب ہوئی .

جس میں چیف جسٹس پاکستان، سپریم کورٹ کے ججز اور وکلا شریک ہوئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ججز کی مکمل خودمختاری کے بغیر عوام کو انصاف کی مکمل فراہمی کا تحفظ ممکن نہیں، نظام انصاف میں ہمیں جس مقام پر ہونا چاہیے اس کیلئے طویل سفر باقی ہے، جب تک ججز آزاد، خودمختار اور بیرونی دبا سے آزاد نہیں ہونگے.

تب تک انصاف ممکن نہیں، آئین اور قانون میں عدلیہ کی آزادی کو دبانے کی اجازت نہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ آئین کی بالادستی کیلئے سپریم کورٹ ہر ممکن اقدام کرے گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جب میں چیف جسٹس بنا تو محسوس کیا پاکستانی عدالتی نظام میں زیر التوا مقدمات بہت زیادہ ہیں، فیصلوں میں تاخیر کا سبب غیر ضروری التوا ہے، میں نے عدالت میں زیر التوا مقدمات پر اہم فیصلے کئے۔