لاہور (زاہد انجم سے)پنجاب حکومت نے لاہور جنرل ہسپتال کے امیر الدین میڈیکل کالج کے نرسنگ کالج و ہاسٹل کی تعمیر و مرمت کیلئے مجموعی طور پر آٹھ کروڑ 86 لاکھ 27 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں ان میں سے سات کروڑ 60 لاکھ روپے نرسنگ ہاسٹل جبکہ ایک کروڑ 26 لاکھ روپے کی رقم نرسنگ کالج پر خرچ ہو گی۔
یہ بات پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے نرسنگ کالج کے دورے کے دوران نرسنگ انسٹرکٹرز و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر پرنسپل نرسنگ کالج مسز میمونہ ستار بھی موجود تھیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال کے نرسنگ کالج و ہاسٹل کی عمارتیں 1962 میں تعمیر ہوئی تھی۔ نصف صدی سے زیادہ پرانی ان عمارتوں کی دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق تعمیر نو کے لیے فنڈز کی اشد ضرورت تھی انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے جہاں ہسپتال کے نرسنگ سٹاف کو بہترین رہائشی سہولیات میسر آئیں گی وہیں نرسنگ کالج کی توسیع اور مرمت کے بعد ان طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول اور ضروری سہولیات سے مزین لیکچر رومز و لائبریری بھی دستیاب ہوگی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں نرسنگ سٹاف کا کلیدی کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔نرسنگ کالج میں سہولیات میں اضافے سے نہ صرف وہاں درس و تدریس کا معیار بلند ہوگا بلکہ فیکلٹی ممبرز بھی زیادہ موثر طریقے سے طالبات کوزیور تعلیم سے آراستہ کر سکیں گے۔انہوں نے نرسنگ کالج کے معائنے کے دوران طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ پوری دلجمی اور محنت سے اپنی پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت پر توجہ مرکوز کریں کیونکہ نرسنگ واحد ایسا مقدس شعبہ ہے جس میں تربیت کے ساتھ ساتھ وظیفہ بھی ملتا ہے علاوہ ازیں نرسنگ طالبات کو ہاسٹل میں مفت رہائش کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
مزید یہ کہ وہ اپنے چار سالہ ڈگری پروگرام کی تکمیل پر براہ راست گریڈ 16 کی نوکری پر فائز ہو جاتی ہیں۔ ان کا شعبہ دکھی انسانیت کی خدمت پر مامور ہے جس کی بدولت انہیں نہ صرف دنیا میں خلق خدا کی دعائیں ملتی ہیں بلکہ آخرت بھی سنور جاتی ہے۔