سیمینار

نرسنگ کالج سروسز ہسپتال میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیمینار

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کا نہ علیحدہ ہونے والا حصہ ہیں جو یک جان دو قالب کے مصداق ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں،بھارت گزشتہ 75برسوں سے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے جو پہاڑ ڈھا رہا ہے انہیں آخر کار ختم ہونا ہے اور کشمیری نوجوانوں اور ہماری بہنوں کو اُن کی قربانیوں کا سلہ ضرور ملنا ہے۔ اس موقع پر طالبات نے کشمیریوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کی جنہوں نے کشمیری بہنوں سے اظہار یکجہتی اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سروں پر کشمیری پرچم بھی اوڑھے ہوئے تھے۔

ان خیالات کا اظہار پرنسپل نرسنگ کالج سروسز ہسپتال اسماء تاج نے کشمیر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں نرسنگ کالج کی طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور “بھارتی تسلط سے آزادی”،”کشمیر بنے گا پاکستان” اور” بھارتی غاصبو واپس جاؤ”کے نعرے لگاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت سے مکمل آزادی تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی اور ہر پاکستانی دامے، درمے اور سخنے اُن کا ساتھ دیتا رہے گا۔

پرنسپل نرسنگ کالج سروسز ہسپتال اسما ء تاج نے کہا کہ75برس قبل اقوام متحدہ میں منظور ہونے والی قرار دادپر آج تک عملدرآمد نہ ہونا عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ ہے جہاں بھارت نے کھلی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کے حق سے محروم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ 5فروری کو ہر سال ملک بھر میں کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کر کے نہ صرف ہم اپنا فرض پورا کرتے ہیں بلکہ کشمیر میں جانوں کی قربانی دینے والوں کو یقین دلاتے ہیں کہ اُن کی کاوشیں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انشاء اللہ جلد یا بدیر انہیں آزادی کا سورج ضرور دیکھنا نصیب ہوگا۔نرسنگ کالج کی طالبات نے کہا کہ ہم پہلے ہی دکھی انسانیت کی خدمت کے میدان میں سرگرم عمل ہیں اور یہ ہمارے لیے اعزاز کا باعث ہوگا کہ ہم اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کی اخلاقی اور عملی مدد کر سکیں۔