خواجہ سلمان رفیق

نرسنگ شعبہ نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،پنجاب میں نرسنگ ایجوکیشن کو بھی بہتر کر رہے ہیں’خواجہ سلمان رفیق

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے شریف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں کینسر کون 17 نرسنگ سمپوزیم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو شریف میڈیکل سٹی ڈاکٹر محمد عدنان خان، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرنسپل شریف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پروفیسر نوشینہ رضا، پروفیسر ہارون جاوید، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، پروفیسر ارشد چیمہ، پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر وارث فاروقہ، ڈاکٹر عامر مفتی، ڈاکٹر فردوس کوثر، پروفیسر عمران انور، پروفیسر صائمہ انعام، پروفیسر رضا سید، ڈاکٹر صدف، ڈاکٹر محسن گیلانی، فیکلٹی ممبران، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز، نرسز اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سمپوزیم کے دوران کینسر کا شکار مریضوں کی خدمت کرنے والی نرسوں کی کپیسٹی بلڈنگ پر مختلف مقررین نے روشنی ڈالی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سمپوزیم کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ آج ہم آنکولوجی نرسنگ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے سب اکھٹے ہوئے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں 915 بستروں پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ آگاہی کیلئے ایسے سیمینارز کا انعقاد انتہائی اہم ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نرسنگ شعبہ نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

کینسر کا شکار مریضوں کے علاج و معالجہ میں نرسنگ شعبہ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب کی عوام کیلئے چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنائے جا رہے ہیں۔

حال ہی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے 3000 نرسوں کی بھرتیاں کی ہیں۔ پنجاب میں نرسنگ ایجوکیشن کو بھی بہتر کر رہے ہیں۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے تین شہروں لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں سنٹر آف ایکسی لینس کے قیام کیلئے ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک کے ساتھ اشتراک کر رہا ہے۔ یہ سنٹر آف ایکسی لینس نرسنگ کی جدید تعلیم، ایم ایس این و پی ایچ ڈی پروگرامز اور پریکٹیکل کلینیکل ٹریننگز کو فروغ دیں گے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آنکولوجی کیئر بارے جدید معلومات حاصل کرنے کا آج نرسوں کو سمپوزیم میں نادر موقع ملا ہے۔ شریف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے اپنے آپ کو ایک بہترین طبی ادارہ ثابت کیا ہے۔صوبائی وزیرصحت نے شریف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، شریف نرسنگ کالج اور سرجیکل آنکولوجی سوسائٹی پاکستان کو بہترین سمپوزیم کے انعقاد پر مبارکباد دی۔آخر میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یادگاری شیلڈ وصول بھی کی اور فیکلٹی ممبران اور مقررین کے درمیان یادگاری شیلڈز تقسیم بھی کیں۔