لاہور (رپورٹںگ آن لائن)لاہور میں نجی یونیورسٹی میں طلبا کے خود کشی کے بڑھتے واقعات روکنے کیلئے عمارت میں لوہے کے جال اور جنگلے لگوادئیے گئے ۔تفصیل کے مطابق یونیورسٹی آف لاہور میں طلبہ کے خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر انتظامیہ نے عمارت کی دیواروں پر لوہے کے جال اور جنگلے نصب کر دیے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے بتایا کہ یہ اقدام طلبہ کی جان و مال کے تحفظ اور محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کےلئے اٹھایا گیا ہے۔یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپس میں سیکیورٹی اور سیفٹی انتظامات کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید احتیاطی اقدامات کیے جائیں گے۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کےلئے صرف حفاظتی اقدامات کافی نہیں، بلکہ ذہنی صحت سے متعلق رہنمائی، کونسلنگ اور آگاہی بھی ضروری ہے تاکہ طلبہ کو ذہنی دبا سے نمٹنے کی مناسب سہولت فراہم کی جا سکے۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی آف لاہور میں ڈی فارمیسی کے پہلے سمسٹر کی طالبہ فاطمہ نے مبینہ طور پر یونیورسٹی کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی تھی ، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی تھی









