شہباز اکمل جندران۔۔۔
پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی چھٹی جماعت کی اسلامیات کی کتاب میں سامنے آنے والی بھیانک اور ناقابل قبول غلطی پر مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے پی سی ٹی بی کے خلاف تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ لاہور نےچھٹی کلاس کی 2021-2022 کی اسلامیات، جغرافیہ اور تاریخ کی سرکاری سکولوں میں مفت تقسیم کی جانے والی جیکٹ کے صفحہ 35 پر حضور نبی اکرم (ص) کے لئے درود وسلام کے مخصوص الفاظ “صلی اللہ علیہ وسلم” آپ(ص) کے صاحبزادے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے لئے لکھ دیے ہیں۔
سیرت طیبہ کے باب سوئم میں فرماں رواں کو دعوت اسلام کے عنوان سے شروع ہونے والے سوال میں صفحہ 35 پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے صاحبزادے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے نام کے ساتھ صلی اللہ علیہ وسلم سمیت درود و سلام کا مکمل جملہ لکھا گیا ہے۔
اس پر علما نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔جامعہ نعیمیہ کے مولانا علامہ ڈا کٹر راغب نعیمی کا کہنا ہے کہ صلی اللہ علیہ وسلم کے الفاظ کسی دوسرے نبی علیہ السلام، کسی صحابی رضی اللہ تعالی عنہ یا اہل بیت علیہ السلام کے ساتھ نہیں لکھے جا سکتے۔یہ الفاظ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ہی استعمال ہوسکتے ہیں۔ان الفاظ کے ذریعے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر دوردوسلام بھیجا جاتا ہے۔
جامعہ اشرفیہ کئ معروف عالم دین مفتی شاہد عبیدکا کہنا ہے پی سی ٹی بی کو ایسی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔یہ عمل ناقابل قبول ہے۔ صلی اللہ علیہ وسلم کے الفاظ صرف اور صرف حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ہی استعمال ہوسکتے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ پی سی ٹی بی کے ایم ڈی اور ڈائیریکٹر مینوسکرپٹ کو چاہیے کہ فوری طورپر جملے کی درستگی کریں۔
علما آگاہی بورڈ پنجاب کے سیکرٹری جنرل مفتی عبدالرحمن کہتے ہیں کہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ اس جملے کی تصیح کرے۔ ایسے جملے قابل قبول نہ ہیں۔
پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی چھٹی جماعت کی اسلامیات کی کتاب کے مسودے کی منظوری وفاقی وزارت تعلیم کے شعبہ نصاب سازی نے دی ہے۔اور اب تک کتاب کی 10 لاکھ سے زائد کاپیاں چھپ چکی ہیں۔کتاب کے مصنفین ڈاکٹر محمد اعجاز، عثمان احمد اور منزہ ظہیر ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل مطالعہ پاکستان کلاس نہم میں اسی نوعیت کی ایک غلطی سامنے آنے پر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے اس وقت ایم ڈی افضال احمد کے احکامات پر کتاب کے مصنف و دیگر کے خلاف توہین رسالت کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔